ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور میں کونکن کھاروی سماج کا احتجاجی مظاہرہ۔پریش میستا ہلاکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

کنداپور میں کونکن کھاروی سماج کا احتجاجی مظاہرہ۔پریش میستا ہلاکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

Mon, 18 Dec 2017 23:33:08    S.O. News Service

کنداپور18؍دسمبر (ایس او نیوز) ہوناور میں پریش میستا کی ہلاکت کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کنداپور میں کونکن کھاروی سماج اور کچھ ہندوتنظیموں کی طرف سے پر امن احتجاجی مارچ نکالاگیا۔

مظاہرین نے جو پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے اس پر ہندودشمنوں اور پریش کے قاتلوں کے خلاف نعرے تھے اور ساتھ ہی فورنسک رپورٹ میں اسے قتل قرار نہ دینے والے ڈاکٹروں پر طنزیہ جملے درج تھے۔ صف بندی کے ساتھ نکالے گئے اس احتجاجی مارچ میں مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔مہاکالی مندر سے نکلنے والا پرامن جلوس شاستری سرکل سے ہوتے ہوئے کنداپور ڈیویژنل آفس تک پہنچا۔

کنداپور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے پاس کھاروی سماج کے لیڈروں نے مظاہرین سے خطاب کیا اور پریش میستا کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کچھ دن پہلے جاری کی گئی فورنسک رپورٹ پر بھی شک اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ دوسرے ماہر ڈاکٹروں سے دوبارہ جانچ کروائی جائے۔تحصیلدار جی ایم بورکر نے مظاہرین کی طرف سے پیش کیا گیا میمورنڈم قبول کرتے ہوئے تیقن دلایا کہ ڈی سی کی معرفت یہ میمورنڈم حکومت کو بھیجا جائے گا۔

پریش میستا کی ہلاکت کے خلاف ضلع شمالی کینرا میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے اڈپی ضلع کے ایس پی سنجیوا پاٹل کوکنداپور کے اس مظاہرے کے تعلق سے بڑی تشویش تھی۔ لیکن کونکن کھاروی سماج کی طرف سے کیے گئے بالکل پرامن مظاہرے کے بعد انہوں نے اطمینان کی سانس لیتے ہوئے مظاہرین کے نظم و ضبط کی ستائش کی۔


Share: